17 جنوری ، 2023
پاکستان میں فٹبال کے تمام دھڑوں نے فیفا سے جلد از جلد پاکستان فٹبال فیڈریشن( پی ایف ایف) کے انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔
لاہورپریس کلب میں الگ الگ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایف ایف کے سابق صدر اور پی ایف ایف کوارڈینیشن کمیٹی کے سربراہ سید اشفاق حسین شاہ،کوارڈ نیشن کمیٹی کے کوار ڈی نیٹر شرافت بخاری اور فیڈریشن کے سابق سینیئر نائب صدر سید ظاہرشاہ نے کہا کہ نارملائزیشن کمیٹی(این سی) حکومت کے ساتھ کیے گئے وعدے اور معاہدے دونوں پر عمل نہیں کررہی جس کی وجہ فیفا کی جانب سے بھجوائی جانے والی ہزاروں ڈالر کی تنخواہیں ذاتی مفادات ہیں۔
سید اشفا ق حسین کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ فیفا کنیکٹ ایک اچھا پروگرام ہے ،ہم اس کی مخالفت نہیں کرتے لیکن این سی اس کی آڑ میں فٹبال کے کھیل کو ڈس کنیکٹ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورہ پر آئے فیفا کے وفدکو سٹیک ہولڈرز سے ملنے نہیں دیا گیا ان کے بغیر سمٹ کا کوئی فائدہ نہیں ہے ، اگر الیکشن کمیشن آف پاکستان 22 کروڑ عوام کا الیکشن تین ماہ میں کراسکتا ہے تو این سی کیوں نہیں ؟ مجھے یہ ٹاسک دیا جائے تو تین ماہ میں الیکشن کروادوں گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ این سی اپنے من پسند افرادکو فیڈریشن میں لانے کیلئے آئین میں تبدیلی کرنا چاہتی ہے ، سری لنکا میں ہونےوالے انتخابات کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اختیار تو فیفا کو بھی حاصل نہیں ہے، ایسا صرف منتخب باڈی ہی کرسکتی ہے۔
اس کے علاوہ سید اشفاق شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی روشنی میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کا صدر منتخب ہوا تھا لیکن حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور بہتری کیلئے قربانی دی اور عہدے سے دستبردار ہوگیا کیونکہ فیفا نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تھرڈ پارٹی مداخلت قراردیتے ہوئے اسے تسلیم نہیں کیا۔