18 جنوری ، 2023
کرکٹ سے 4 سالہ بریک کے باوجود سابق کپتان سرفراز احمد کی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ پرفارمنس نے جہاں مداحوں کے دل جیتے وہیں بہت سے سوالات کو بھی جنم دے دیا۔
اس دوران سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا سرفراز احمد سے متعلق دیا گیا بیان بھی سوشل میڈیا پر خاصا وائرل رہا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس محمد حارث کی شکل میں ایک نیا وکٹ کیپر بیٹر موجود ہے، لگتا ہے سرفراز کا کیرئیر اب ختم ہوگیا ہے۔
تاہم اب جیو سوپر کے ساتھ کی گئی گفتگو جب میزبان نے رمیز راجاسے سرفراز سے متعلق سوال کیا تو سابق چیئرمین پی سی بی نے نہ صرف ان کے سوال کو نظر انداز کردیا بلکہ میزبان پر ناراض ہوئے۔
دوران گفتگو میزبان نے رمیز راجا سے سوال کیا کہ 4 سالہ بریک کے بعد سرفراز کی عمدہ پرفارمنس پر آپ کیا کہیں گے؟ سرفراز کا بریک سینئرز کو سائیڈ لائن کرنا نہیں تھا؟ میزبان کے سوال پر رمیز راجا نے برہم ہوتے کہا کہ آپ اگلا سوال کریں؟
میزبان کی وضاحت پر رمیز راجا نے کہا کہ آپ سیاست کررہے ہیں لیکن مجھے سیاست نہیں کرنی، آپ اگلا سوال کریں اس سوال کا مقصد کیا ہے؟ سرفراز کی جگہ میں پیڈ پہن کر آتا یا مجھے سرفراز کی جگہ کھیلنا تھا، میرے کوئی بچے نے کھیلنا تھا کس نے کھیلنا تھا؟اگر اس نے پرفارم کیا تو اس میں پاکستان کا فائدہ ہے آگے بڑھیں۔