18 جنوری ، 2023
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کو ان کے جائز خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کو ٹیلی فون کر کے حالیہ بلدیاتی الیکشن اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر گفتگو کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے حافظ نعیم الرحمان کو جماعت اسلامی کے جائز خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ جماعت اسلامی الیکشن سے متعلق مسائل پر الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا جماعت اسلامی کے سندھ حکومت سے متعلق مسائل کے حل میں غیرجانبدار کردار ادا کریں گے۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے فون کرکے تحفظات کا پوچھا، جس پر انہیں بتایا کہ ہمارے پاس رزلٹ موجود ہیں، جو رزلٹ موجود ہیں انہیں جاری ہونا چاہیے، تین سیٹوں کے آر او کے رزلٹ الیکشن کمیشن اپ ڈیٹ نہیں کر رہا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا وزیراعلیٰ سندھ سے کہا ہے کہ نتائج کے مسئلے کو حل کریں، انہیں ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرنے کا کہا ہے، بات چیت کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، بات چیت ہوتی ہے لیکن مسائل بھی حل ہونے چاہئیں، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا میں اپنی پارٹی والوں سےکہتا ہوں مسئلے کو حل کریں۔
یاد رہے کہ 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں اب تک کے تجائع کے مطابق پیپلز پارٹی 92 اور جماعت اسلامی 88 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے لیکن جماعت اسلامی نے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس فارم 11 اور 12 موجود ہیں جس کے مطابق ہماری نشستوں کی تعداد 94 تک بنتی ہے لیکن الیکشن کمیشن سندھ حکومت کے ساتھ مل کر ہماری نشستوں کو کم کر رہا ہے جو ہم نہیں ہونے دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پہلے پیپلز پارٹی ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کرے پھر ہم ان کے ساتھ بات کریں گے، ہمارے پاس میئر کے لیے پی ٹی آئی کی صورت میں بہتر آپشن موجود ہے۔