13 دسمبر ، 2012
کوئٹہ…مطالبات کے حق میں ڈاکٹروں کی کوئٹہ اور صوبے کے مختلف علاقوں میں سرکاری و نجی اسپتالوں میں ہڑتال 58ویں روز بھی جاری ہے، اس موقع پر او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند ہیں۔ڈاکٹروں کی جانب سے ہڑتال کا سلسلہ سولہ اکتوبر کو ماہر امراض چشم ڈاکٹر سعید خان کے اغواء کے بعد سے شروع کیاگیا تھا جو کہ ان کی اٹھائیس نومبر کوبازیابی کے بعد بھی جاری ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم نہیں کرتی اور ان کے خلاف رجسٹر کیسز واپس نہیں لئے جاتے ان کی ہڑتال جاری رہے گی،ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری تھی کہ تین روز قبل ایک اور ڈاکٹر کو سریاب کے ہی علاقے سے اغواء کرلیاگیا،جس کے بعد ڈاکٹروں کی ہڑتال میں مزید شدت آگئی ہے،ہڑتال کے باعث صوبے کے سرکاری اور نجی شعبے میں چلنے والے اسپتالوں میں کام بند ہے،اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔