13 دسمبر ، 2012
اسلام آباد…پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز کے اندر فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے وفد نے منظور وٹو کی سربراہی میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم سے ملاقات کی،اور ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی شکایات سے آگاہ کیا ۔بعدمیں میڈیا سے بات چیت میں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا، اس بارے میں چیف الیکشن کمشنرنے شکایات تحریری طورپرمانگی ہیں۔ منظور وٹو نے بتایاکہ الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ انتخابات میں ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر ایک ایک فوجی تعینات کیا جائے،رینجرز کو امن و امان کی صورت حال کنٹرول کرنے کے لیے تعینات کیا جائے،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز عدلیہ سے لیے جائیں،پولنگ اسٹیشنز کی تعداد بڑھائی جائے اور سیاسی جماعتوں کو ووٹرز کو ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کرنے کی اجازت دی جائے۔