13 دسمبر ، 2012
اسلام آباد…وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ نے چیئرمین نیب کی طر ف سے ملک میں روزانہ سات ارب روپوں کی کرپشن کے بیان پر کہا ہے کہ وزیراعظم نے وزیر قانون کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی ہے جس میں چیئرمین نیب سمیت تما متعلقہ اداروں کے سربراہوں کو بلا کر پوچھا جائے گا کہ بتائیں کرپشن کیسے ہور ہی ہے۔ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف کے نکتہ اعتراض پر ایوان میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہا کہ انہیں پتہ نہیں کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کیا ہے ؟ لوگوں نے اپنی اپنی دکانیں کھول رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے بارے میں وزیر قانون کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد کیا جارہا ہے جس میں چیئرمین نیب ، چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی ، چاروں صوبوں کے اینٹی کرپشن حکام ، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے رجسٹرار ز اور دیگر کو بلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کرپشن کے خلا ف جہاد کرنا ہوگا۔ خورشید شاہ نے اپوزیشن کے خواجہ آصف کو بھی کمیٹی میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے یہ کہتے ہوئے مسترد کردی کہ یہ حکومت کا اپنا معاملہ ہے۔