دنیا کی بہترین ملازمت جس میں کچھ کیے بغیر ڈھائی لاکھ روپے کمانا ممکن

یہ ملازمت آپ کو ضرور پسند آئے گی / فائل فوٹو
یہ ملازمت آپ کو ضرور پسند آئے گی / فائل فوٹو

کچھ کیے بغیر ڈھائی لاکھ روپے سے زیادہ کمانا چاہتے ہیں تو ایک تحقیقی کمپنی کی پیشکش ضرور پسند آئے گی۔

جی ہاں واقعی اس کمپنی کی جانب سے رات کو پنیر کھا کر سونے کے عوض ایک ہزار ڈالرز (2 لاکھ 68 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) دیے جائیں گے۔

سلیپ جنکی نامی امریکی تحقیقی کمپنی کی جانب سے ایک تحقیق کے لیے رضاکاروں کو تلاش کیا جارہا ہے۔

بنیادی طور پر یہ ایک ملازمت ہے جس کے لیے چند افراد کو منتخب کیا جائے گا جن کا کام اوپر درج کیا جاچکا ہے۔

اس تحقیق کا مقصد اس پرانی روایت کی حقیقت جاننا ہے کہ کیا واقعی رات کو سونے سے قبل پنیر کھانے سے ڈراؤنے خواب نظر آتے ہیں۔

اس کام کے لیے ویب سائٹ پر وضاحت کے ساتھ خواہشمند افراد کے لیے فارم بھی دیا گیا ہے۔

اس وضاحت کے مطابق 'منتخب کیے جانے پر ہمارے ماہرین کی جانب سے پنیر کی مختلف اقسام کی فہرست فراہم کی جائے گی جن کو ہر ہفتے کھانا ہوگا'۔

پنیر کھا کر سونے والے یہ رضاکار بیدار ہونے کے بعد اپنے خوابوں کو تحریر کریں گے جبکہ نیند کے مجموعی معیار کے بارے میں بھی بتائیں گے۔

اس تحقیق کا آغاز مارچ سے ہوگا اور اس کا دورانیہ 3 ماہ کا ہے۔

رضاکاروں کو مفت پنیر کے ساتھ ساتھ تحقیق کے اختتام پر ایک ہزار ڈالرز بھی دیے جائیں گے۔

رضاکاروں کے انتخاب کے لیے چند شرائط بھی رکھی گئی ہیں، جیسے ہر فرد کی عمر کم از کم 21 سال ہونا ضروری ہے، اکیلے سونا ہوگا، نیند کے ایک شیڈول پر عمل کرنا ہوگا جبکہ اسمارٹ واچ یا فٹنس ٹریکر کا مالک بھی ہونا ہوگا۔

بدقسمتی سے یہ پیشکش صرف امریکی شہریوں کے لیے ہے۔

نیند کے مسائل کا سامنا کرنے والے افراد یا دودھ سے الرجی کا سامنا کرنے والوں کو منتخب نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :