05 فروری ، 2023
سکھر کے شالیمار پھاٹک پر پولیس اہلکار کی جانب سے گداگر خاتون کو سر عام تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
پولیس کے مطابق دو گداگر خواتین کا خیرات لینے پر آپس میں جھگڑا ہوا تھا، ون فائیو پر اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچنے والے اہلکار نے فریقین کو وومن تھانے لے جانے کے بجائے سر عام تشدد کیا۔
گداگر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے والے سب انسپکٹر ون فائیو محمد علی کا کہنا ہے کہ خواتین گداگروں میں ایک ہی علاقے میں بھیک مانگنے پر تنازع ہوا تھا، گداگر خاتون نے اینٹیں مار کر دوسری گداگر خاتون کو زخمی کیا، بیچ بچاؤ کرانے پر ہم پر بھی تشدد کیا گیا۔
سب انسپکٹر کا کہنا ہے میں نے گداگر خاتون پر تشدد نہیں کیا بلکہ خاتون کو ویمن سینٹر لے جانے کی کوشش میں دھکم پیل ہوئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ون فائیو انچارج کی جانب سے گداگر خاتون کو سرعام تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، متعلقہ ون فائیو افسر کو معطل کر دیا گیا ہے۔