14 فروری ، 2023
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آغاز بہت شاندار ہوا ہے، لیگ میں کوالٹی آف کرکٹ بڑھتی جاری ہے، پہلے میچ کی طرح باقی میچز بھی ایسے سنسنی خیز ہونگے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ اس سیزن میں کوئٹہ کا اسکواڈ مضبوط ہے، نسیم شاہ، محمد حسنین اور محمد نواز کا بولنگ کامبی نیشن بہت شاندار ہے پرامید ہیں ان تینوں کی کارکردگی سے فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ افتخار احمد پچھلے 7-8 ماہ سے بہت اچھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں، پرامید ہیں اور دعا گو ہیں افتخار کی فارم پی ایس ایل میں جاری رہے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں دونوں ٹیموں کے بولرز اور بیٹرز نے اچھی کارکردگی دکھائی، لاہور قلندرز کی بولنگ بہت کوالٹی کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ کا تجربہ سب کے سامنے ہے، کوئٹہ کو موقع ملا محمد حفیظ کو اسکواڈ میں شامل کرلیا، وہ گزشتہ فائنل کے مین آف دی میچ تھے، محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا، ہم محمد حفیظ کے تجربے سے بھر پور فائدہ اٹھائیں گے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میچز میں شائقین دونوں ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہیں، ملتان سلطانز غیر ملکی اور لوکل پلیئرز کی وجہ سے متوازن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کپتان کی کوشش ہوتی ہے وہ ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرے، پی ایس ایل میں جتنے بھی کپتان ہیں سب کی کوشش ہے ٹیم کیلئے اچھا کریں، رضوان کی طرح میں بھی کوشش کروں گا کہ اچھی کارکردگی دکھاؤں۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں نمائشی میچ سے اندازہ ہوا کہ مقامی لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، امید ہے مستقبل میں بھی وہاں کرکٹ مقابلوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔