15 فروری ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کراچی کنگز کے سینیئر آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی جرسی پہننے کا دل تو اب بھی چاہتا ہے لیکن توقعات کسی سے نہیں رکھیں۔
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کے بعد پریس کانفرنس میں شعیب ملک نے کہا کہ عمر سے کچھ نہیں ہوتا، پلیئر فٹ ہو اور پرفارم کر رہا ہو تو کوئی حرج نہیں، جوکووچ بھی 35 سال کی عمر میں گرینڈ سلیم جیتتا رہا ، شاہ رخ خان بھی اس عمر میں گولڈ لگ رہے۔
41 سالہ شعیب ملک نے کہا کہ جب ریٹائر ہوں گا ایک ہی بار ہوں گا ، خواہش ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 15 ہزار رنز مکمل کروں، ابھی کرکٹ انجوائے کر رہا ہوں لیکن بور ہونے لگا تو خود چھوڑ دوں گا۔
شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں12 ہزار 380 رنز بنا چکے ہیں، منگل کو کراچی میں انہوں نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔
شعیب ملک نے کہا کہ ان کا فوکس صرف ٹی ٹوئنٹی پر ہے، ٹیسٹ اور ون ڈے سے وہ پہلے ہی ریٹائرڈ ہوچکے ہیں ۔ پاکستان کھیلنے کی خواہش ہے لیکن توقعات نہیں رکھ رہے کیوں کہ توقع رکھ کر کچھ نہ ملے تو دل دکھتا ہے۔
شعیب ملک نے کہا کہ وہ کسی کو کچھ ثابت نہیں کرنا چاہتے بس اپنی کرکٹ انجوائے کر رہے ہیں۔
زلمی کے خلاف میچ پر بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ کافی زبردست مقابلہ ہوا، پی ایس ایل کے آغاز میں دو اچھے میچ ہوئے جو لیگ کے لیے اچھا ہے۔
شعیب ملک نے کہا کہ خرم شہزاد نے آخری اوور میں اچھی بولنگ کی ، اس سے قبل وہاب ریاض نے بھی اچھا اوور کرایا جو ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس بات پر افسوس ہے کہ میچ کو قریب لاکر فنش نہ کرسکے لیکن آئندہ اگر ایسی صورتحال ہوئی تو میچ ضرور فنش کریں گے۔
واضح رہے کہ منگل کو پی ایس ایل 8 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دی۔