کھیل
Time 17 فروری ، 2023

کومیلا وکٹورینز نے مسلسل دوسری بار بنگلادیش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

فوٹو: بی پی ایل
فوٹو: بی پی ایل

کومیلا وکٹورینز نے مسلسل دوسری بار بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا.

بنگلادیشی شہر میرپور میں کھیلے گئے بی پی ایل 2023 کے فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سلہٹ اسٹرائیکرز کی جانب سے بنائے ہوئے 175 رنز کے جواب میں فاتح ٹیم نے آخری اوور میں تین وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا، جانسن چارلس نے 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، لیگ کے میچز جیو سوپر پر براہ راست نشر کیے گئے۔

بی پی ایل کے فائنل میں سلہٹ اسٹرائیکرز نے 7 و کٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے، وکٹ کیپر بیٹر مشفق الرحیم نے شاندار انداز میں کھیلتے ہوئے 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی، اوپنر نجم الحُسین نے 64 رنزبنائے جبکہ مستفیض رحمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں دفاعی چیمپئن کومیلا وکٹورینز نے  3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف 4 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔

ویسٹ انڈین بیٹر جانسن چارلس نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 79 رنز بنائے، اپنی اننگز میں اُنہوں نے 5 چھکے اور 7 چوکے لگائے، اوپنر لٹن داس نے 55 رنز اسکور کیے۔

کومیلا وکٹورینز مسلسل دوسرے برس ایونٹ کو جیت کر ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہی، مجموعی طور پر اُنہوں نے چوتھی بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔

بنگلادیش پریمیئر لیگ کے میچز جیو سوپر سے براہ راست نشر کیے گئے۔

مزید خبریں :