16 دسمبر ، 2012
اسلام آباد…وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ حافظ سعید کے خلاف بھارتی اطلاعات عدالتوں نے نہیں مانیں،اجمل قصاب پر ہم نے بھارتی عدلیہ کا فیصلہ تسلیم کیا، اب بھارت ہماری عدالتوں کا فیصلہ تسلیم کرے،باہمی مسائل کے حل کے لئے بھارت کو ٹاسک فورس بنانے کی تجویز دی ہے جبکہ بھارتی حکام سے بلوچستان میں مداخلت سمیت مختلف امور پربات چیت ہوئی۔بھارت میں قید پاکستانیوں کے بارے میں بھی تفصیلات مانگی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا بھارت کے تین روزہ دورے سے وطن واپسی پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حافظ سعید کے خلاف کارروائی ثبوت دینے پر ہی کی جائے گی،ممبئی حملوں کے الزام میں گرفتار ملزمان عدم ثبوت کے باعث رہا ہوئے۔ممبئی حملے کے سلسلے میں بھارتی وفد منگل کو پاکستان پہنچ رہا ہے۔رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت مل کر ایسے میکنزم بنائیں کہ بابری مسجد ،سمجھوتہ ایکسپریس اور دہشت گردی کے دیگرواقعات نہ ہوں۔نہیں چاہتے کہ دنیا میں نائن الیون،ممبئی حملے جیسے واقعات ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو باہمی مسائل کے حل کے لئے ٹاسک فورس بنانے کی تجویز دی ہے۔رحمام ملک کا کہنا تھا کہ واہگہ بارڈر پر ویزے کی حصول کیلئے اسٹاف کو بڑھایا جارہا ہے،بھارتی وزیر داخلہ نے تین ہزار پاکستانی کرکٹ شائقین کو ویزا دینے کی بات کہ تھی تاہم ان کی درخواست پر بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان سے جتنے کرکٹ شائقین بھارت جاسکتے ہیں۔رحمان ملک نے کہا کہ بھارت سے بلوچستان کا مسئلہ سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی،بھارتی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جس پر مثبت جواب ملا۔