16 دسمبر ، 2012
کراچی…صدرآصف علی زرداری کومتحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے ٹیلی فون کیا۔صدر کا کہنا تھا کہ مفاہمتی پالیسی کی کامیابی سیاسی قوتوں کے تعاون اور ہم آہنگی کا نتیجہ ہے، انتقال اقتدار کے معاملات میں رکاوٹیں ڈالنے کا دور ہمیشہ کے لئے گزر چکاجبکہ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم جمہوریت کیلئے حکومت کی حمایت جاری رکھے گی۔ صدرآصف زرداری کاایم کیوایم کے قائدالطاف حسین سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مفاہمتی پالیسی کی کامیابی سیاسی قوتوں کے تعاون اور ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔جمہوری حکومت کی مدت اقتدار کامیابی سے پوری کرنے پر خوش ہوں۔صدر کا کہنا تھا کہ مقررہ آئینی مدت کے دوران آزاد اور شفاف انتخابات کرائے جائیں گے۔ملکی تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن کیاتفاق رائے سے چیف الیکشن کمیشن تعینات کیا گیا۔انتقال اقتدار کے معاملات میں رکاوٹیں ڈالنے کا دور ہمیشہ کے لئے گزر چکا ہے۔ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ مفاہمتی پالیسی کی بدولت حکومت اپنی مدت پوری کرر ہی ہے،ان کی جماعت بطور اتحادی جمہوری اصولوں کی پاسداری اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے حکومت کی حمایت جاری رکھے گی۔ اس موقع پرکراچی میں امن وامان اور ملک کی سیاسی صورتحال کے علاوہ توانائی بحران اور اقتصادی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔الطاف حسین کی جانب سے صدر زرداری کو کامیاب مفاہمتی پالیسی پر مبارک باد دی گئی۔صدر آصف زرداری نے حکومت کی حمایت پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا۔