Time 18 فروری ، 2023
کھیل

ویڈیو: آصف علی نے 150 چھکوں کی پریکٹس کی وضاحت کردی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے جارح مزاج بیٹر آصف علی نے کہا ہے کہ وہ انسان ہیں کوئی مشین نہیں جو ایک دن میں ڈیڑھ سو چکھے مار دیں۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آصف علی نے کہا کہ میں انسان ہوں مشین نہیں کہ دن میں ڈیڑھ سو چھکے ماروں گا، روزانہ 150 چھکوں کی پریکٹس کرنے والا میرا انٹرویو غلط لگایا گیا تھا، میں 40 کے راؤنڈ کے حساب سے چھکوں کی پریکٹس کر رہا تھا، ڈیڑھ سو چھکے کون مار سکتا ہے؟ زیادہ سے زیادہ پندرہ سے بیس شاٹس کی پریکٹس کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری کوشش یہی ہے کہ جو میرا جارحانہ انداز ہے اسی کے مطابق بیٹنگ کروں، چھ چھکوں والا ایک دن ہوتا ہے، افتخار احمد نے مارے بھی چھکے پاکستان کے بہترین بولر کو ہیں، مجھے جو بھی رول دیا گیا اس کو اچھے طریقے سے کرنے کی کوشش کروں گا، پی ایس ایل کے ساتھ ساتھ سب کرکٹ میرے لیے اہمیت کی حامل ہے، اس وقت پی ایس ایل چل رہی ہے تو اسی پر فوکس ہے، پی ایس ایل انٹرنیشنل کرکٹ سے ایک قدم کی دوری پر ہے، پی ایس ایل کی پرفارمنس کام آتی ہے، کوشش ہو گی کہ یہاں اچھا کروں۔

آصف علی نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ احسان اللہ کی طرح تیز رفتار بولرز آ رہے ہیں، احسان اللہ کی تیز  بولنگ کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، احسان اللہ تسلسل  اور ایک اسپیڈ کے ساتھ بولنگ کرتا ہے جو کہ اچھی بات ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کا شروع سے جارحانہ کرکٹ کھیلنے والا انداز ہے، ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ اسٹرائیک ریٹ کو زیادہ رکھنا ہے جس کی سب تعریف بھی کرتے ہیں۔

مزید خبریں :