19 فروری ، 2023
کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر حملےکے حوالے سے انکشاف ہوا ہےکہ پہلے ہی سکیورٹی انتظامات بہتر کرنے کی سفارش کی گئی تھی مگر اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسٹاک ایکسچینج حملےکے بعد سکیورٹی بہتر کرنے کی سفارش کی گئی تھی تاہم فنڈز جاری نہ کیے جانے کی بنا پر پولیس آفس کے سکیورٹی انتظامات بہتر نہ کیے جاسکے۔
اسٹاک ایکسچینج حملےکے بعد 11 جولائی 2020 کو سکیورٹی اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں کے پی او میں ایمرجنسی سیڑھیاں لگانے، عمارت کی چوتھی منزل پر گرل لگانےاور صدر پولیس لائن کے راستے پر بیریئر لگانے کا بھی کہا گیا تھا۔
سکیورٹی اجلاس میں صدر پولیس لائن میں مسجد کی دیوار پر خاردار تار لگانے اور گراؤنڈ فلور پر بنے کنٹرول روم کی سکیورٹی بھی بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی، اس وقت کے اے آئی جی غلام نبی میمن نے نوٹ شیٹ پر احکامات دیے تھے مگر فنڈ جاری نہیں ہوئے۔