20 فروری ، 2023
پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر محمود جان سمیت ان کے دو ساتھیوں کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مضافاتی علاقے ریگی سفید سنگ میں ڈپٹی اسپیکرکے پی اسمبلی محمود جان اورعیسیٰ خیل قوم کے درمیان جائیداد کا تنازع چلا آرہا تھا۔
گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ متنازع زمین میں ایکسی ویٹرسے کام شروع کیا تو مخالف فریق کی جانب سے سے منع کرنے پرفائرنگ کی گئی جس کی زد میں آکر محمد علی نامی شخص زخمی ہوا۔
محمد علی کوجب لیڈی ریڈنگ اسپتال لے جایا جارہا تھا تو وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
واقعہ کا مقدمہ ڈپٹی اسپیکر محمود جان سمیت تین افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔