ظالم ڈائریکٹر ہوں، سیٹ پر جو نہیں آتا تھا اس کے سین کاٹ دیتا تھا : فیصل قریشی

سٹ کام اور کمرشلز کے بعد فیصل قریشی بطور ڈائریکٹر  بھی اپنے فلم ڈیبیو کے لئے تیار ہیں ۔

 فیصل قریشی کی عید الفطر پر ریلیز ہونے والی  فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے، فلم کی کاسٹ میں نامور فنکار فواد خان، عائشہ عمر، میکال ذوالفقار سمیت دیگر نام بھی شامل ہیں جبکہ سابق پاکستانی بولر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ بھی ایکٹنگ کے میدان میں قدم رکھنے کو تیار ہیں ۔

جیو ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں ہدایتکار فیصل قریشی نے کہا کہ فلم کی کہانی انہوں نے دو ہفتوں میں مکمل کرلی تھی البتہ فلم کو شوٹ کرنے کا مرحلہ کورونا کی وجہ سے سست رہا ۔

کس اداکار نے سب سے زیادہ سیٹ پر تنگ کیا؟ کے سوال کے جواب میں فیصل نےبتایا کہ  جو سیٹ پر نہیں آتے تھے ان کے سین ہم نے کاٹ دیے جس کے بعد سے وہ ڈر گئے اور وقت پر آنے لگے،انہوں نے نام بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جن کے ساتھ یہ کیا ہے وہ اپنے نام خود بتا دیں گے لیکن سیٹ پر سب سے زیادہ تنگ میں نے ہی کیا میں بڑا ظالم ڈائریکٹر ہوں ۔ 

وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ سے ایکٹنگ کرانا آسان تھا یا مشکل؟ کے سوال پر ہدایتکار نے بتایا کہ  ’وسیم اکرم کے ساتھ پہلے بھی کام کرتے رہے ہیں ایک کردار کیلئے خیال آیا کہ ان سے بات کروں جب ان سے بات ہوئی تو انہیں یہ کردار پسند آیا اور فوراًحامی بھرلی ، ان کے ساتھ کمرشلز میں کام کرنے کا پہلے بھی تجربہ رہا ہے، وہ فطرتاً مزاحیہ مزاج رکھتے ہیں اور پردے کے پیچھے بھی وہ کوئی نہ کوئی مذاق کرتے ہی رہتے تھے لیکن ان کا کردار مزاحیہ نہیں ہے۔

فیصل قریشی کے مطابق  جہاں تک شنیرا کا تعلق ہے تو وہ بھی اپنے کردار کے بارے میں پرجوش  تھیں اور وہ ناظرین کو غیر ملکی  صحافی کے کردار میں نظر آئیں گی۔

مزید خبریں :