Time 21 فروری ، 2023
پاکستان

کے پی میں گذشتہ سال ایک کروڑ سے زائد بھتا کالز شہریوں کو موصول

حکام کے مطابق بھتےکے لیے بیشترکالز افغانستان کے نمبروں سے آتی ہیں،فوٹو: فائل
حکام کے مطابق بھتےکے لیے بیشترکالز افغانستان کے نمبروں سے آتی ہیں،فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا (کے پی) میں بھتا وصولی کے لیےکالز میں اضافہ ہوا ہے،گذشتہ سال ایک کروڑ سے زیادہ بھتا کالز  شہریوں کو موصول ہوئی ہیں۔

حکام کے مطابق بھتےکے لیے بیشترکالز افغانستان کے نمبروں سے آتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان گنڈا پور نے فنانشل کرائم یونٹ قائم کرنےکا فیصلہ کیا ہے، ڈی آئی جی سطح کا پولیس افسر فنانشل کرائم یونٹ کا سربراہ ہوگا۔

حکام کے مطابق بھتا کالز کیسز میں ملزمان کی نشاندہی اورگرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائےگی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق حکام نے بھتا کالز کا معاملہ افغانستان کے ساتھ اٹھانےکا بھی فیصلہ کیا ہے، افغان حکومت  سے بھتا خوروں کے خلاف کارروائی کے لیے تعاون مانگا جائے گا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ فنانشل کرائم یونٹ کے قیام کا مقصد دہشت گردی میں استعمال ہونے والے پیسوں کے ذرائع کو روکنا ہے، منی لانڈرنگ کا سدباب اور  بھتا خوری کیسز سے نمٹنےکے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ بھتا خوری، اغوا برائے تاوان اور منی لانڈرنگ اب برداشت نہیں ہوگی۔

مزید خبریں :