23 فروری ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں قومی ٹیم میں کوئی ایسا کھلاڑی نہیں جو میچ کے بعد پریزینٹیشن میں اچھے سے بات کرسکے۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے شعیب اختر نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی بات چیت کرنے کی صلاحیت پر بات کی جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت معروف کرکٹرز نے شعیب اختر کے بیان پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
شعیب اختر نے کہا کہ ’آج کے دور میں کوئی بھی کرکٹر وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان اور شاہد آفریدی کی طرح کا سپر اسٹار نہیں ہے، جس کی دنیا تعریف کرتی ہو، اس لیے کیونکہ ہمارے لڑکوں کو بات نہیں کرنا آتی جس کے باعث وہ لوگوں سے جُڑ نہیں پاتے‘۔
انہوں نے کہا کہ 'آج کل صرف ٹیلنٹ سے کام نہیں چلتا، میڈیا بڑا اہم کردار ادا کرتا ہے، کرکٹ ایک جاب ہے اور میڈیا ایک الگ جاب ہے، اگر آپ بول ہی نہیں سکتے تو اپنی پرفارمنس ٹی وی پر کیسے بیان کریں گے؟'
شعیب اختر نے مزید کہا 'میں کھلے عام کہتا ہوں کہ ابھی بابراعظم کو پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ ہونا چاہیے تھا لیکن وہ نہیں ہے کیونکہ اسے بولنا نہیں آتا، اس کے علاوہ بھی کوئی لڑکا نہیں بول سکتا، کیوں ابھی تک صرف میں، آفریدی اور وسیم اکرم اشتہاروں میں آرہے ہیں؟'
سابق کرکٹر کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین سمیت کامران اکمل، اظہر علی اور شاہد آفریدی نے بھی تبصرہ کیا اور اس بیان کو غلط قرار دیا۔
ایک شو کے دوران جب شاہد آفریدی سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا 'کرکٹ کی انگلش اتنی مشکل نہیں ہے، آنی چاہیے اچھی بات ہے، اس کے لیے آکسفورڈ نہیں جانا پڑتا لیکن یہ مطلب نہیں کہ نہیں آتی تو آپ کسی کھاتے میں نہیں ہیں'۔
شاہد آفریدی نے کہا 'بابر کی بیٹنگ ورلڈ کلاس ہے، وہ پاکستان کی عزت ہے اور بہت بڑا نام ہے، ان چیزوں پر نہیں سوچنا چاہیے جو دنیا بھر میں جائے، ان چیزوں کو سامنے نہیں لانا چاہیے'۔
کامران اکمل:
کامران اکمل نے نجی ٹی وی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شعیب اختر کو ان دنوں اسکرین پر زیادہ وقت نہیں مل رہا اور اسی وجہ سے وہ سرخیوں میں آنے کے لیے اس قسم کی باتیں کررہے ہیں، بابر ہمارا کپتان ہے اور دنیا کا بہترین بلے باز ہے۔
اظہر علی نے کہا کہ 'مجھے اس قسم کی باتوں کی سمجھ نہیں آتی، بابراعظم اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ ہے، جتنی قیمت بابر کی ہے اتنا برانڈ اسے ادا کر ہی نہیں سکتے'۔