Time 24 فروری ، 2023
کھیل

کم اسٹرائیک ریٹ سے متعلق صحافی کے سوال پر بابر اعظم کا دلچسپ جواب

میں آج اپنے کھیل کے پہلے حصے سے مطمئن ہوں لیکن دوسرے حصے سے نہیں، کم ٹوٹل ہوتا ہے تو فیلڈنگ میں زیادہ جان مارنا پڑتی ہے— فوٹو: اسکرین گریب
میں آج اپنے کھیل کے پہلے حصے سے مطمئن ہوں لیکن دوسرے حصے سے نہیں، کم ٹوٹل ہوتا ہے تو فیلڈنگ میں زیادہ جان مارنا پڑتی ہے— فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ اسٹارٹ اچھا ہوا لیکن فنش اچھا نہیں کرسکے تھے، اوپر نیچے وکٹ گرنے کی وجہ سے مشکل ہوئی۔

پی ایس ایل میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ صورتحال ایسی ہوئی تھی کہ کھیل کو آخر تک لے جاؤں، میرا کام ہے پرفارم کرنا، کوشش ہوتی ہے کہ ہر جگہ سو فیصد دوں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں 58 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کی جانب سے اسٹرائیک ریٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بابراعظم مسکرا کر بولے 300 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیل لوں؟

ان کا کہنا تھا کہ لوگ تو باتیں کرتے رہتے ہیں، میں کوشش کرتا ہوں کہ چیزیں میرے ہاتھ میں ہوں تو فنش کر کے آؤں، ابتدائی 10 اوورز میں میرا اسٹرائیک ریٹ 160 تھا، جب اوپر سے وکٹ گر جاتی ہیں تو اسٹرائیک ریٹ متاثر ہوتا ہے۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کی بولنگ بری نہیں لیکن میری لیے تشویش کی بات فیلڈنگ ہے میں آج اپنے کھیل کے پہلے حصے سے مطمئن ہوں لیکن دوسرے حصے سے نہیں، کم ٹوٹل ہوتا ہے تو فیلڈنگ میں زیادہ جان مارنا پڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی فارمیٹ میں فیلڈنگ کا کافی اہم کردار ہوتا ہے، ہم نے فیلڈنگ میں کچھ مواقع ضائع کئے، جتنا جلدی ریکور کریں گے، ہماری ٹیم کیلئے اتنا ہی اچھا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ  آج حسن علی کے اسپیل نےپورا گیم چینج کردیا، حسن کم بیک کررہا ہے، جان لگا کر بولنگ کر رہا تھا، میں اس سے بات کر رہا تھا، پریشر ڈالنے کی کوشش کر رہا تھا مگر وہ پریشر میں نہیں آیا۔

بابر اعظم نے کہا کہ ماڈرن ڈے کرکٹ میں مختلف شاٹس کی اہمیت ضرور ہے اور پلیئر اپنے شاٹس بہتر کرتے رہتے ہیں لیکن ایک پلیئر اپنے نیچرل شاٹس کھیلتے ہوئے بھی اپنا اسٹرائیک ریٹ بہتر کرسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ایک دوسرے کو چیلنج کرتے ہیں تو ٹورنامنٹ کو ہائپ ملتی ہے، ہر پلیئر اپنی فرنچائز کیلئے اپنا بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہے، میں ہر طرح کے چیلنج کو مثبت انداز  میں لیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہے کہ حارث سمیت تمام نوجوان پلیئرز سے تجربہ شیئر کروں، حارث کوشش کرتا ہے دوسری ٹیم پر پریشر ڈالے، حارث فنش اچھا نہیں کر پا رہا اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ اننگ کو لمبا لے کر جائے، جتنا آپ نوجوان پلیئرز کو سکھائیں گے اتنا پاکستان کو ہی فائدہ ہوگا۔

مزید خبریں :