24 فروری ، 2023
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیرہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 63 رنز سے شکست دیدی۔
کراچی کے نیشنل بینک ارینا میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز اسکور کیے، 221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 157 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حفیظ 48 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سرفراز احمد نے 41 اور محمد افتخار نے 39 رنز کی اننگز کھیلیں۔
اسلام آباد کی جانب سے فضل حق فاروقی اور حسن علی نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو دو وکٹیں شاداب خان اور ابرار احمد کے حصے میں آئیں۔
اعظم خان کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اسلام آباد کی جانب سے کولن منرو 38 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان شاداب خان 12 رنز ہی بنا سکے لیکن اس کے بعد اعظم خان اور آصف علی نے کوئٹہ کے بولرز کے خلاف چوکے چھکوں کی برسات کر دی۔
آصف علی 24 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اعظم خان نے 42 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 97 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ میچ کی آخری گیند پر بولڈ ہو کر نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ایمل خان اور محمد حسنین مہنگے بولرز ثابت ہوئے اور دونوں نے بالترتیب 55 اور 52 رنز دیے۔
قبل ازیں اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
شاداب خان کا کہنا تھا ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، فضل الحق فاروقی اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں جبکہ ابرار احمد کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں 3 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 2 میں اسے کامیابی ملی جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو چار میچ میں سے صرف ایک میں ہی کامیابی مل سکی ہے جبکہ تین میں اسے شکست ہوئی۔