01 مارچ ، 2023
گلوکارہ آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے معروف گلوکار کیفی خلیل کا گانا کہانی سنو اپنی آواز میں گایا تو گلوکار نے انہیں خود فون کیا اور اس حوالے سے تعریف کی۔
کیفی خلیل کا کہانی سنو ناصرف پاکستان بلکہ عالمی شہرت یافتہ گانوں میں شامل ہوچکا ہے اور اس کی ویڈیو یوٹیوب پر آٹھویں نمبر پر آئی ہے۔
کچھ عرصہ قبل آئمہ بیگ نے کیفی کا گانا اپنی آواز میں ریلیز کیا تھا جسے صارفین کی جانب سے خاصہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اس سے قبل بھی گلوکارہ نے وضاحت پیش کی تھی لیکن اب ایک مرتبہ پھر انہوں نے اس حوالے سے حالیہ ٹی وی شو میں گفتگو کی۔
آئمہ بیگ نے بتایا 'کیفی انتہائی عاجز اور اچھا انسان ہے، جب میں نے گانا گایا تو اس نے مجھے فون کیا اور کہا پہلے لوگوں نے اتنا نہیں سنا تھا لیکن آپ کے گانے کے بعد لوگ اس گانے کو مزید جاننے لگے ہیں'۔
گلوکارہ نے کہا کہ 'وہ بندہ صرف ٹیلنٹ ہے، اس کے علاوہ کچھ نہیں، اس نے مجھ سے کہا کہ آپ کے گانے کے بعد لوگوں نے اصل والا بھی سنا لیکن میرے خیال میں اصل کو کوئی ہرا نہیں سکتا'۔
آئمہ بیگ کا کہنا تھا 'یہ بات نہیں کہ کون زیادہ اچھا گائے گا، مجھے اس وقت لگا کہ مجھے یہ گانا گانا چاہیے اسی لیے میں نے گایا، میرے دل سے نکلا تھا تو میں نے گا دیا، مجھے فرق نہیں پڑتا کہ کون اسے پسند کرتا ہے اور کون ناپسند'۔