06 مارچ ، 2023
پیپلز پارٹی کے ممبر صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) ممتاز چانگ نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ اور پنجاب کےکچےکے علاقے میں ریاست کے اندر ریاست بنانے والے ڈاکوؤں کو پنجاب پولیس کی سرپرستی حاصل ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں ممتاز چانگ نے انکشاف کیا کہ گھوٹکی اور رحیم یار خان کےکچے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ ایس ایچ اوز کی ملی بھگت کی وجہ سے علاقہ ڈاکوؤں کے لیے اغوا برائے تاوان کی جنت بنا ہوا ہے ۔
صادق آباد سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے نے بتایا کہ ڈاکو ہر واردات میں 10، 15 لاکھ کما رہے ہیں۔
ممتاز چانگ کے مطابق پولیس افسروں نے ڈاکوؤں کے زیر قبضہ کچے میں زمینیں تک خرید رکھی ہیں۔
ان کا کہنا ہےکہ ڈاکوؤں سے تعلقات کے الزام میں برطرف ہونے والے ایس ایچ اوز پھر بحال ہو کر آگئے، ان ایس ایچ او ز کے لیے یہ علاقہ دبئی بن گیا ہے، اتنا پیسا ہےکہ ایس ایچ اوز یہاں کی پوسٹنگ سے نہیں ہٹتے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ بااثر سہولت کاروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی اور غریبوں پر ظلم کیا جارہا ہے، لوگوں میں ڈاکوؤں کے ساتھ ساتھ پولیس کا خوف بھی ہے۔