06 مارچ ، 2023
پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی کا اقدام لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا تاہم ہائیکورٹ آفس نے پٹیشن کے ساتھ پابندی کےنوٹیفکیشن کی مصدقہ نقل نہ لگانےکااعتراض لگا دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیمرا کی جانب سے ان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی کا اقدام لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔
انہوں نے درخواست میں پیمرا کو فریق بنایا اور مؤقف اختیار کیاکہ پیمرا نے اختیارات سے تجاوز اور پیمرا آرڈیننس 2002 کی خلاف ورزی کرتےہوئے پابندی کا حکم نامہ جاری کیا، پیمرا کے احکامات غیر قانونی، غیر آئینی اور آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پابندی عائد کرنا بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے لہٰذا استدعا ہے کہ عدالت پیمرا کے پابندی سے متعلق احکامات کالعدم قرار دے۔
اُدھرلاہورہائیکورٹ آفس نے پٹیشن کے ساتھ پابندی کے نوٹیفکیشن کی مصدقہ نقل نہ لگانے کا اعتراض لگا دیا۔ جسٹس شاہد بلال حسن7مارچ کوآفس کے اعتراض پر سماعت کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پیمرا نے عمران خان کی تقاریر، بیانات، براڈ کاسٹ اور ٹیلی کاسٹ پر پابندی عائد کی تھی۔