19 دسمبر ، 2012
لاہور … پاک بھارت سرحدی محافظوں کا سہ ماہی اجلاس آج ہورہا ہے، پاکستانی وفد بریگیڈیئر جمیل کی قیادت میں واہگہ سے بھارت چلا گیا، روانگی کے موقع پر بریگیڈ یئر جمیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نہتے شہریوں پر فائرنگ پر بھارت سے احتجاج کریں گے، ہم کبھی بھی معصوم شہریوں پر فائرنگ نہیں کرتے۔ پاک بھارت سرحدی محافظوں کا اجلاس آج واہگہ بارڈر پر بھارتی علاقے میں ہورہا ہے جس میں اسمگلنگ کی روک تھام، قیدیوں کے تبادلے اور دیگر سرحدی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستانی وفد بریگیڈیئر جمیل کی قیادت میں واہگہ بارڈر پر بھارتی علاقے میں پہنچا تو بھارتی فورسز نے پہلی بار ریڈ کارپٹ پر ان کا استقبال کیا۔ واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر جمیل کا کہنا ہے کہ ہمارے نہتے شہریوں پر بھارت کی جانب سے جو فائرنگ کی جاتی ہے ہم اس کے خلاف احتجاج کریں گے، ہم کبھی بھی معصوم شہریوں پر فائرنگ نہیں کرتے۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ ہر ملک کا اپنا ایک کلچر ہوتا ہے اور ہم نے اپنی خواتین کو کلچر کی مطابقت سے فرائض سونپے ہوئے ہیں، ہماری ذمے داری یہاں سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔