سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ائیرپورٹ سے گمشدہ ساڑھے 9 ہزار ڈالر کیسے تلاش کیے؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

امریکا سے اسلام آباد پہنچے مسافر کا 27 لاکھ روپے مالیت کے امریکی ڈالر پر مشتمل گمشدہ پاؤچ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے کھوج لگا کر اصل مالک کے حوالے کر دیا۔ 

سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کے مطابق مسافر انور امان اہل خانہ کے ہمراہ 17 مارچ کو امریکا سے قطر ائیر ویز کی پرواز کیو آر 632 کے ذریعے امریکا سے اسلام آباد پہنچا، بین الاقوامی آمد کے لاؤنج میں بیلٹ نمبر 5 سے سامان کے حصول کے دوران مسافر نے اپنا ہینڈ پاؤچ کرسی پر رکھ دیا۔

 سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق مسافر اہل خانہ کے ہمراہ سامان لے کر صبح 2:30 بجے ارائیول لاؤنج سے باہر چلا گیا،  آدھے گھنٹے کے بعد لگ بھگ صبح 3 بجے مسافر انور ائیرپورٹ واپس آئے اور لاؤنج میں پہنچ کر تلاش کیا تو ان کا ہینڈ پاؤچ نہ مل سکا۔ 

ترجمان کے مطابق مسافر نے ائیر پورٹ سکیورٹی فورس سے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کی درخواست کی، اے ایس ایف کے عملے نے سی سی ٹی وی کے ذریعے معاملے کی چھان بین کی اور گمشدگی کے مقام کی سی سی ٹی وی کی کم کوریج کی وجہ سے کچھ نہیں مل سکا۔ 

ترجمان سی اے اے کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر عون چوہدری نے مسافروں کے شکایت سیل میں کال کی،جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ویجیلنس اسسٹنٹ رب نواز نے سی سی ٹی وی کے ذریعے معاملے کی از سرنو چھان بین کی۔ 

سول ایوی ایشن ٹیم کو بھی سی سی ٹی وی کی کوریج رینج نہ ہونے کی وجہ سے ہینڈ پاؤچ اٹھائے جانے کے شواہد نہیں ملے۔ 

سول ایوی ایشن ٹیم نے کیمروں کی مدد سے ایک ایک مسافر کو تلاش کیا اور ایک فیملی کو اس سلسلے میں مشتبہ قرار دیا۔ اس مسافر خاتون اور دیگر اہل خانہ کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا اور برطانیہ میں موجود خاتون مسافر کے شوہر سے بھی رابطہ کیا گیا اور اپنے تمام واقعہ کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ 

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم کی کوششوں سے خاتون مسافر سے  ساڑھے 9 ہزار  ڈالر ( تقریباً 27 لاکھ پاکستانی روپے ) پر مشتمل پاؤچ برآمد کرکے اصل مالک انور امان کے حوالے کر دیا گیا۔

مزید خبریں :