14 سالہ بیٹے کیلئے ماں کو 23 نمبر سائز کے جوتے کی تلاش

دنیا کے سب سے بڑے پاؤں کے سائز کے لیے انہوں نے ایرک کا نام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز کو بھی بھیجا ہے: بچے کی والدہ/ فوٹو امریکی میڈیا
دنیا کے سب سے بڑے پاؤں کے سائز کے لیے انہوں نے ایرک کا نام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز کو بھی بھیجا ہے: بچے کی والدہ/ فوٹو امریکی میڈیا

کیا کبھی آپ نے سنا ہے کہ کسی کو 23 نمبر کا جوتا درکار ہو؟ یقیناً نہیں سنا ہوگا لیکن حال ہی میں امریکا میں ایک ماں کو اپنے بیٹے کے لیے اسی سائز کے جوتے کی تلاش ہے۔

ریاست مشی گن میں مقیم ربیکا کلبرن کے  بیٹے ایرک کلبرن کی عمر محض 14 برس ہے لیکن اسی عمر میں ان کا قد 6 فٹ 10 انچ تک جا پہنچا ہے۔

امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے  ربیکا نے کہا کہ میرے بیٹے کو  جسمانی طور پر کوئی بیماری نہیں ہے، جب اس کی پیدائش ہوئی تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس بچے کے پاؤں کا سائز عام بچوں کی طرح نہیں ہے، ڈاکٹرز کا کہناتھا کہ انہوں نے کبھی کسی نوزائیدہ کے اتنے بڑے پاؤں نہیں دیکھے۔

فوٹو: امریکی میڈیا
فوٹو: امریکی میڈیا

ربیکا کلبرن کے مطابق ان کے بیٹے کے جوتے کا سائز بہت مشکل سے ملتا ہے اور اپنے سائز کے جوتے نہ پہننے کی وجہ سے انہیں پاؤں کی انگلیوں اور انگوٹھوں میں درد رہتا ہے۔

ایرک اپنے اسکول کی ٹیم کی طرف سے فٹ بال کھیلتے ہیں، قد کے ساتھ ساتھ ایرک کے پاؤں کا سائز بھی بڑھتا جارہا ہے۔

تاہم بچے کی والدہ نے سوشل میڈیا کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ روز قبل ایرک کے سائز کے جوتے ڈھونڈنے کے لیے 'گو فنڈ پیج' بنایا جس پر اب تک 19 ہزار سے زائد ڈالر جمع ہو چکے ہیں۔

ربیکا کے مطابق  ان سے جوتے بنانے والی معروف کمپنیوں نے رابطہ کیا ہے، کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ جلد ایرک کے سائز کے جوتے بنائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا کے سب سے بڑے پاؤں کے سائز کے لیے انہوں نے ایرک کا نام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز کو بھی بھیجا ہے۔

مزید خبریں :