Time 25 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

ہمارے نظام شمسی کا وہ سیارہ جس میں لاتعداد ہیرے چھپے ہوئے ہیں

ہمارے نظام شمسی کا وہ سیارہ جس میں لاتعداد ہیرے چھپے ہوئے ہیں
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فوٹو بشکریہ ناسا

اگر آپ ہمارے نظام شمسی کے سیارے عطارد پر پہنچ سکیں تو ارب بلکہ کھرب پتی بن سکتے ہیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ عطارد کی سطح کے نیچے لاتعداد ہیرے چھپے ہوئے ہیں۔

جی ہاں واقعی سائسندانوں نے دریافت کیا ہے کہ ہمارے نظام شمسی کے پہلے سیارے کی سطح کے نیچے ہیروں کی موٹی تہہ چھپی ہوئی ہے، جس سے عطارد کے جغرافیائی ماضی کے سراغ بھی ملتے ہیں۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کے میسنجر اسپیس کرافٹ کے ڈیٹا کو استعمال کرکے سائنسدانوں نے عطارد کی سطح کے نیچے چھپی ہیروں کی تہہ کے شواہد دریافت کیے۔

ان کے خیال میں ہیروں کی یہ تہہ 16 کلومیٹر موٹی ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ میسنجر اسپیس کرافٹ کو 2004 میں روانہ کیا گیا تھا اور اس نے سب سے پہلے عطارد کے مدار پر چکر لگایا تھا اور اس مشن کا اختتام 2015 میں ہوا تھا۔

اس نئی دریافت سے سیارے کے متعدد اسرار کی وضاحت ہوتی ہے جیسے اس کی تاریک سطح، کثیف اندرونی تہہ اور ابتدائی آتش فشانی سرگرمیاں۔

جرنل نیچر کمیونیکیشنز میں شائع تحقیق میں عطارد کی سطح پر موجود تاریک دھبوں کے بارے میں بات کی گئی۔

ان دھبوں سے اشارہ ملا کہ زمانہ قدیم میں عطارد کے کاربن سے بھرپور لاوا بہتا تھا۔

سائنسدانوں کا پہلے خیال تھا کہ اس لاوے سے گریفائٹ کے دھبے عطارد کی سطح پر بنے اور اس وجہ سے ہی عطارد کی سطح تاریک ہوئی۔

مگر اس تحقیق سے عندیہ ملا کہ گریفائٹ کی بجائے عطارد کی اندرونی تہہ ہیروں پر مشتمل ہے جو عطارد کی اندرونی تہہ اور بنیاد کے شدید دباؤ سے بنی۔

کمپیوٹر تجربات سے یہ خیال درست ثابت ہوا اور سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ عطارد کی سطح کے نیچے ہیروں کی موٹی تہہ موجود ہے۔

تحقیق کے مطابق ساڑھے 3 ارب سال قبل عطارد میں آتش فشانی سرگرمیوں میں نمایاں کمی آئی کیونکہ ہیروں کی تہہ کے باعث حرارت میں فوری کمی آئی۔

مزید خبریں :