26 جولائی ، 2024
کیا آپ کو معلوم ہے کہ دواؤں کی گولیوں کی زیادہ تر بوتلوں کا رنگ نارنجی یا اورنج ہوتا ہے۔
درحقیقت گولیوں کے ساتھ ساتھ زیادہ تر کھانسی کے شربت یا دیگر ادویات کی بوتلیں بھی نارنجی رنگ کی ہی ہوتی ہیں۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ آخر گولیوں کی بوتل کے لیے نارنجی رنگ کی بوتلیں ہی کیوں استعمال کی جاتی ہیں؟
اس رنگ کو استعمال کرنے کی حیران کن حد تک اہم وجہ ہے۔
ادویات کے لیے پلاسٹک بوتلوں کا استعمال دوسری جنگ عظیم سے کیا جا رہا ہے مگر گولیوں کی جدید نارنجی بوتلیں 1968 میں متعارف کرائی گئی تھیں۔
ان بوتلوں کی نارنجی رنگت (تکنیکی طور پر اسے امبر کہا جاتا ہے) اور اس کا سفید کیپ استعمال کرنے کا فیصلہ چند اہم وجوہات کے باعث کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ بہت ضروری ہے کہ ادویات کو روشنی سے تحفظ فراہم کیا جائے کیونکہ سورج کی روشنی میں موجود الٹرا وائلٹ شعاعوں سے ان کی افادیت گھٹ جاتی ہے۔
ہر طرح کی ادویات کو الٹرا وائلٹ شعاعوں کے اثر سے بچانے کے لیے نارنجی رنگ کی بوتلوں میں رکھا جاتا ہے۔
الٹرا وائلٹ شعاعوں کو بلاک کرنے کے ساتھ ساتھ اس رنگ کی بوتلوں کے اندر موجود دواؤں کو دیکھنا ممکن ہوتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ اس ڈیزائن کا مقصد ادویات کی شناخت میں مدد کرنا بھی ہے۔
دوا کی بوتلوں کے لیے ایک رنگ استعمال ہونے سے عام لوگوں کے لیے بھی ان کو پہچاننا آسان ہو جاتا ہے اور انہیں دیکھ کر ہی لوگ سمجھ جاتے ہیں کہ یہ کسی قسم کی دوا ہے۔