پاکستان

گولڈ لون اسکینڈل میں پیشرفت، کراچی میں جیولری شاپ سے اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا

کارروائی میں بینک کے لیے مرتب تخمینوں کی دستاویزات، چیک بکس اور مصنوعی زیورات برآمد ہوئے۔
کارروائی میں بینک کے لیے مرتب تخمینوں کی دستاویزات، چیک بکس اور مصنوعی زیورات برآمد ہوئے۔ 

کراچی میں نجی بینک کے گولڈ لون اسکینڈل کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور وفاقئ تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی کے علاقے گلبہار میں جیولر شاپ پر چھاپا مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے گولڈ لون صارفین کے 106 جعلی کیسز کا تخمینہ مرتب کرنے والے جیولرز سے پوچھ پوچھ کر رہی ہے، چھاپہ مار کارروائی گلبہار کے علاقے میں قائم الحاج رحیم داد جیولرز پر کی گئی، کارروائی میں بینک کے لیے مرتب تخمینوں کی دستاویزات، چیک بکس اور مصنوعی زیورات برآمد ہوئے، جعلی گولڈ صارفین کو تخمینوں کے عوض جاری رقم کے اعداد و شمار سمیت دیگر ریکارڈ بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کے ہاتھوں گرفتار ملزم محمد حسن اختر منی لانڈرنگ میں بھی مبینہ طور پر ملوث ہے۔

اس سلسلے میں درج مقدمے کے مطابق ملزم کی جعلسازی سے نجی بینک کو 400 ملین کا نقصان ہوا، ملزم نے اسکینڈل کی مرکزی ملزمہ عائشہ سے تخمینوں کی فراہمی کے عوض بیش قیمت گاڑی وصول کی، ملزم اسکینڈل کے حوالے سے عزیز بھٹی تھانے میں درج مقدمے میں بھی گرفتار ہو چکا ہے۔ 

مزید خبریں :