04 اپریل ، 2023
عالمی بینک نے پاکستان ڈیویلپمنٹ اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کر دی۔
عالمی بینک نے پاکستان میں معاشی بحران پر قابو پانے کےلیے پائیدار اصلاحات پر زور دیا ہے۔ عالمی بینک کے مطابق پاکستان کو سست معاشی شرح نمو، بلند مہنگائی کا سامنا ہے، موجودہ مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو صرف 0.4 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ جون تک مہنگائی 29.5 فیصد کی بلند سطح پر رہے گی۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ توانائی اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ ہے، سست معاشی سرگرمیوں کی وجہ اعتماد کا فقدان ہے، سست معاشی سرگرمیوں کی وجہ درآمدات پر پابندیاں، سیلاب کی تباہی ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق سخت مالی پالیسی تاخیر سے اختیار کی گئی، ایکسچینج ریٹ کی غیر رسمی حد مقرر کرنے سے زرمبادلہ ذخائر میں کمی آئی، سخت عالمی شرائط کی وجہ سے پاکستان کو سرمائے تک رسائی میں کمی آئی۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام کے جائزے کی تکمیل میں تاخیر کا سامنا ہے، پاکستان کو قرضوں میں اضافے اور زرمبادلہ ذخائر میں تیزی سے کمی کا سامنا ہے۔