Time 08 اپریل ، 2023
کھیل

بابر اور شاہین نے رمضان اسپورٹس سیریز کو پلیئرز کیلئے احسن اقدام قرار دیدیا

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے لاہور میں شروع ہونے والی رمضان المبارک اسپورٹس سیریز کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک شاندار پلیٹ فارم قرار دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا کیمپ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کی تیاری کے لیے ان دنوں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے۔

کیمپ میں بھرپور ٹریننگ کے بعد کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کی خصوصی دعوت پر  رمضان المبارک اسپورٹس سیریز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے منی ہاکی اسٹیڈیم پہنچے۔

رمضان المبارک اسپورٹس سیریز سے متعلق بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہاکی، کرکٹ، فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کو پروموٹ کیا جارہا ہے۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سےان کھیلوں پرتوجہ نہیں دی گئی تھی، ایسے ایونٹس سے ہمارے کھیل دوبارہ سے اپنا مقام حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے جس کو نکھارنے کے لیے ایسے ایونٹ ضروری ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یہ بہترین موقع ہے۔

بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر گیم میں بہتری آئے گی۔

سیریز کا کریڈٹ پنجاب حکومت اور وہاب ریاض کو جاتا ہے: شاہین

دوسری جانب فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا کہ سیریز کا کریڈٹ پنجاب حکومت اور وہاب ریاض کو جاتا ہے۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں ہاکی کےعلاوہ دیگر کھیل بھی شامل ہیں، ایسےایونٹ سے ہمارےنوجوان کھیلوں میں شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، اس کو آگے آنا چاہیے، کھلاڑیوں کو پیسے مل رہے ہیں جس سے وہ اپنے اخراجات برداشت کریں گے۔

فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے اس سے ہماری ہاکی آگے آئے گی اور اچھے کھلاڑی ملیں گے۔

مزید خبریں :