11 اپریل ، 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا(کے پی) میں انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
پی ٹی آئی رہنما اور اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائرکردی ہے۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز رجسٹرار سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست اعتراضات عائد کرکے واپس کردی تھی۔
پی ٹی آئی نے اپنی درخواست پر رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراضات کے خلاف اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا، ہائی کورٹ سے داد رسی نہ ہونے کی صورت میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائےگا۔
پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہےکہ گورنر خیبرپختونخوا نے انتخابات کے لیے 8 اکتوبرکی تاریخ دی ہے،گورنر نے پہلے 28 مئی کی تاریخ کااعلان کیا لیکن الیکشن کمیشن نے اسے نوٹیفائی نہیں کیا،گورنر کی جانب سے 8 اکتوبر کی تاریخ غیرقانونی و غیر آئینی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ دیا ہے اور الیکشن کمیشن اس پر عمل درآمدکا پابند ہے،گورنر کو فوری الیکشن کے لیے تاریخ دینےکا حکم دیا جائے، درخواست میں الیکشن کمیشن، وفاقی وصوبائی حکومت، گورنر کے پی اور صدر مملکت کو فریق بنایاگیا ہے۔