23 دسمبر ، 2012
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے عوامی نیشنل پارٹی کے سینئررہنمااورخیبرپختونخوا کے سینئروزیربشیربلورشہیدکے صاحبزادے عثمان بلور سے فون پر تعزیت کی،اُن کا کہنا تھا کہ بشیربلور کاخون رائیگاں نہیں جائے گا۔ الطا ف حسین نے بشیربلور کے صاحبزادے عثمان بلور،بڑے بھائی حاجی غلام احمدبلوراور تمام اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیااوربشیربلورشہید کیلئے دُعائے مغفرت کی۔انھوں نے بشیربلورشہیدکے صاحبزادے عثمان بلور سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ بشیربلور کاخون رائیگاں نہیں جائے گا، انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان کوچاہیے کہ وہ اب انتظارنہ کریں اورتمام انسانیت دوست محب وطن قوتوں کوساتھ ملاکر خودکش حملوں،بم دھماکوں اوردہشت گردی کے ذریعے معصوم وبے گناہ انسانوں کی جانوں سے کھیلنے والے تمام دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ کریں۔ بشیربلور کے صاحبزادے عثمان بلور نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے جس طرح ہمارے ساتھ ہمدردی اوریکجہتی کااظہارکیاہے اس سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے،ہم آپ کے شکرگزارہیں اورہم بھی آپ کویقین دلاتے ہیں کہ دہشت گرد چاہے جتنے حملے کریں مگر ہمارے سینے کم نہیں ہوں گے اورہم آخروقت تک ان کا مقابلہ کریں گے۔