دنیا
Time 15 اپریل ، 2023

امریکی وزیر خارجہ کو لکھے میرے خط کو عمران کی حمایت کے طور پر نہ دیکھا جائے: بریڈ شرمین

عمران خان نے اپنی حکومت گرانے کا الزام امریکا پر عائد کیا تو میں نے عمران خان کے مؤقف پر تنقید کی تھی: بریڈ شرمین۔ فوٹو فائل
عمران خان نے اپنی حکومت گرانے کا الزام امریکا پر عائد کیا تو میں نے عمران خان کے مؤقف پر تنقید کی تھی: بریڈ شرمین۔ فوٹو فائل

امریکی کانگریس کے رکن بریڈ شرمین کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو لکھے گئے میرے خط کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی حمایت کے طور پر نہ دیکھا جائے۔

امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس کے رکن بریڈ شرمین کا کہنا تھا عمران خان نے فون پر بتایا کہ وہ امریکا مخالف نہیں ہیں، فون کال کے دوران عمران خان نے کہا وہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا پاکستان میں سپریم کورٹ نے الیکشن کرانےکا فیصلہ اسی وقت جاری کیا تھاجب میری اور عمران خان کی بات ہوئی، سماجی ویب سائٹس پر لوگ کہہ رہے ہیں امریکی وزیر خارجہ بلنکن کو میرا خط عمران خان کی حمایت میں ہے، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو لکھے میرے خط کو عمران خان کی حمایت کے طور پر نہ دیکھا جائے۔

بریڈ شرمین کا کہنا تھا عمران خان نے اپنی حکومت گرانے کا الزام امریکا پر عائد کیا تھا، میں نے عمران خان کے مؤقف پر تنقید کی تھی، مجھے لگتا ہے یہ سچ نہیں ہے، عمران خان نے اپنے الزام کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی بالکل واضح ہو گیا کہ عمران خان کی حکومت کو گرانے کے لیے کانگریس نے کوئی رقم فراہم نہیں کی، عمران خان کے دور حکومت میں بھی پاکستان میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خارجہ پالیسی پر تنقید کی تھی۔

مزید خبریں :