Time 19 اپریل ، 2023
دنیا

اماراتی خلا باز نے خلا سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے مناظر شیئر کر دیے

خلا سے نیچے زمین پر دکھنے والے اندھیرے میں مسجدالحرام اور مسجد نبوی روشن دکھائی دے رہی ہیں۔—فوٹو: اسکرین گریب
خلا سے نیچے زمین پر دکھنے والے اندھیرے میں مسجدالحرام اور مسجد نبوی روشن دکھائی دے رہی ہیں۔—فوٹو: اسکرین گریب

متحدہ عرب امارات کے خلاباز سلطان النیادی نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے سعودی عرب کی مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی ویڈیو شیئر کردی۔

اماراتی خلاباز سلطان النیادی اس وقت بین الاقوامی اسپیس اسٹیشن میں ناسا کے 6 ماہ طویل مشن پر موجود ہیں اور وہیں سے وہ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے باقاعدہ اپ ڈیٹس شیئر کر تے رہتے ہیں۔

پیر کو رمضان کی27 ویں شب کے موقع پر سلطان النیادی نے اپنے آفیشل  ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خلا سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے مناظر شیئر کیے۔

سلطان النیادی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خلا سے نیچے زمین پر دکھنے والے اندھیرے میں بظاہر مسجدالحرام اور مسجد نبوی روشن دکھائی دے رہی ہیں۔

سلطان النیادی  نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ 'بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے ان بابرکت راتوں پر سعودی شاہ سلمان کے بچوں کے لیے تحفہ '۔

فوٹو: سلطان النیادی
فوٹو: سلطان النیادی

واضح رہے کہ سلطان النیادی 28 اپریل کو ناسا کے فلائٹ انجنیئر اسٹیفن باؤن کے ہمراہ ساڑھے 6 گھنٹے طویل ’اسپیس واک‘ کا حصہ ہوں گے جس کے بعد وہ خلا میں چہل قدمی کرنے والے پہلے عرب خلا باز کا اعزاز حاصل کرلیں گے۔

یو اے ای کے خلاباز سلطان النیادی نے ناسا کے خلا میں مائیکرو گریوٹی میں انسانی خلیے کی نشونما پر تجربات کیلئے بھیجے گئے مشن کے ہمراہ 2 مارچ کو کینیڈی اسپیس اسٹیشن سے خلا کا سفر شروع کیا تھا۔

’اسپیس واک‘ خلابازوں کے اسپیس شپ یا اسپیس اسٹیشن سے باہر نکل کر اسٹیشن کے مینٹیننس کے کام میں حصہ لینے کو کہتے ہیں، اس کام کیلئے منتخب ہونے والے خلابازوں کا انتخاب بہت ہی پیچیدہ مراحل کے ذریعے کیا جاتا ہے اور یہ کام سرانجام دینے کیلئے خلاباز کو انجنیئرنگ، روبوٹکس اور لائف سپورٹ سسٹمز میں بے انتہا مہارت درکار ہوتی ہے۔

یو اے ای کے خلاباز احمد النیادی کو اسپیس واک کیلئے ناسا کی جانب سے جونسن اسپیس سینٹر کی نیوٹرل بویانسی لیبارٹری میں 55 گھنٹے کی تربیت بھی دی گئی تھی۔

مزید خبریں :