30 اپریل ، 2023
نئی دہلی پولیس نے فیڈریشن چیف کے خلاف جنسی ہراسانی کی شکایات جمع کرانے والے 7 پہلوانو ں کو سکیورٹی فراہم کر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے سپریم کورٹ کے حکم پر پہلوانوں کو سکیورٹی فراہم کی ہے، شکایت کرنے والے پہلوانوں سے پولیس نے بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے رابطہ بھی کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پہلوانوں کے بیانات بہت جلد ریکارڈ کر لیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پہلوان ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے چیف برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
پہلوانوں نے فیڈریشن چیف پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے اور سات پہلوانوں نے پولیس اسٹیشن میں درخواست بھی دائر کی ہوئی ہے۔
پہلوانوں نے فیڈریشن چیف کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
فیڈریشن چیف برج بھوشن شرن سنگھ کا کہنا ہےکہ لڑائی کھلاڑیوں کے ہاتھ سے نکل چکی ہے، سیاسی پارٹیوں کا عمل دخل بڑھ گیا ہے، مجھے پہلے روز سے اس بات کا اندازہ تھا کہ ایسا ہی ہوگا ۔
برج بھوشن شرن نے کہا کہ یہ دھرنا کھلاڑیوں کے دل کی آواز نہیں ہے بلکہ بنائی گئی ہے، اس معاملے کو سیاسی بنیادوں پر سیاسی مخالفین بڑھا رہے ہیں، پہلوانوں کو سچائی معلوم ہے کہ معاملہ کون اور کیوں اچھال رہا ہے، کھلاڑی کانگریس کے ہاتھوں کھلونا بن گئے ہیں۔