Time 01 مئی ، 2023
پاکستان

پاکستان تحریک انصاف کو آج لاہور میں ریلی کی اجازت مل گئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ضلعی انتظامیہ لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کو آج لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک ریلی کی اجازت دے دی ، ریلی کی اجازت دوپہر ایک بجے سے شام چھ بجے تک ہو گی۔

 عمران خان نے آج لبرٹی مارکیٹ سے ناصرباغ تک پیدل ریلی کی قیادت کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی سے حلف لینے کے بعد ریلی کی اجازت دے دی گئی۔

ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے ریلی کے لیے دیے گئے این او سی کے مطابق ریلی کے روٹ پر استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے،ریلی انتظامیہ تمام روٹ کی سکیورٹی کی ذمہ دار ہوگی،عدلیہ اور اداروں کی خلاف تقاریرکی اجازت نہیں ہوگی،پی ٹی آئی ذمہ داران متعلقہ سکیورٹی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔

اس کے علاوہ ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے پی ٹی آئی ذمہ داران ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں گےجبکہ ریلی میں پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی انتظامیہ ذمہ دارہوگی۔

این او سی میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی رضا کار ضلعہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے،ریلی کے باعث کاروباری مراکز کو بند کرانے اور نقصان پہنچانے کی اجازت ہر گز نہیں ہوگی،ریلی میں کارکن ڈنڈے یا اس سے متعلقہ کوئی چیز ساتھ نہیں لاسکیں گے جبکہ ریلی کے روٹ اور اطراف میں اسلحہ کے نمائش کی اجازت نہیں ہو گی۔

اس کے علاوہ دوسرے اضلاع سے آنے والے شرکا بھی ضلعی انتظامیہ کی تمام شرائط پرعمل کریں گے،ریلی روٹ پر کسی بھی طرح وال چیکنگ نہیں ہوگی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی ریلی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے ریلیوں پرپابندیوں کا نوٹس واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن، الیکشن کرانے کے سوا تمام کام کر رہا ہے۔

مزید خبریں :