07 مئی ، 2023
نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کروڑوں روپے مالیت کی سنتھیٹک ٹرف کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ٹر ف بچھانے کا عمل سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ سے کروڑوں روپے مالیت کی ٹرف کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ٹرف بچھانے کے کام کا افتتاح اپریل کے وسط میں مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کیا تھا، ٹرف مختلف حصوں کے ساتھ گراؤنڈ میں پھیلا تو دی گئی ہے لیکن ٹرف کو لیول کر کے چسپاں نہیں کیا گیا ہے اور اسی وجہ سے ٹرف آندھی آنے سے اکٹھی ہو جاتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آندھی کے باعث ٹرف کے خراب ہونے کا امکان ہے، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ٹرف کے کام کا تخمینہ لگ بھگ 16 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
اسپورٹس بورڈ پنجاب کا کہنا ہے کہ ٹرف ماہرین کی نگرانی میں بچھائی جا رہی ہے، کمپنی کے ماہرین کی ہدایت کے مطابق ٹرف کو چسپاں کرنے کا عمل جاری ہے جس کا کام دس سے بارہ روز میں مکمل کر لیا جائےگا اس سے ٹرف کو نقصان نہیں پہنچےگا۔