10 مئی ، 2023
سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پولیس کی جانب سے مختلف شہروں میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔
رپورٹس کے مطابق سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا البتہ عثمان ڈار اور عمرڈار گھر پر نہیں ملے ۔
دوسری جانب کراچی میں پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا، پی ٹی آئی رہنما بھی گھر پر موجود نہیں تھے۔
اس کے علاوہ کوئٹہ میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے بھائی کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا اور قاسم سوری کے بھائی بلال سوری کو گرفتار کرلیا۔
کوئٹہ میں ہی پی ٹی آئی رہنما اور سابق گورنر سید ظہور آغا کے گھر پر پولیس کی جانب سے چھاپہ مارا گیا جس کے نتیجے میں سابق گورنر کے بھائی اور بھتیجوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما عبدالباری کے گھر سے بھی 3افراد کو حراست میں لیا گیا۔