12 مئی ، 2023
کراچی: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد پارٹی کارکنان کی جانب سے کراچی میں گزشتہ تین روز کے دوران ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کیا گیا جس کی تفصیلات پولیس نے جاری کردیں۔
پولیس کے مطابق 9 مئی کو شہر میں2 پیپلز بس اور دو واٹر ٹینکر جلائے گئے جب کہ شارع فیصل پر قیدی وین کو آگ لگائی گئی اور شہر میں 2 درجن سے زائد موٹر سائیکلوں کو جلایا گیا۔
پولیس کے مطابق مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑے، 9 مئی کو نرسری پر رینجرز کی چوکی کو آگ لگاکر نقصان پہنچایا گیا جب کہ 10 مئی کو مظاہرین نے یونیورسٹی روڈ پر پولیس موبائل کو آگ لگائی جس دوران ایس پی اور ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس کا بتانا ہےکہ جلاؤ گھیراؤ، ہنگامہ آرائی،کارسرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت 10 سے زائد مقدمات درج کیے گئے جن میں رہنما پی ٹی آئی آفتاب صدیقی، راجہ اظہر، خرم شیر زمان سمیت 400 افراد نامزد ہیں جب کہ پی ٹی آئی رہنما علی زیدی سمیت 250 سے زائد افراد کو گرفتارکیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈی جی پارکس کراچی جنیداللہ نے کہا کہ شارع فیصل پر احتجاج کے باعث بے شمار درختوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، شارع فیصل پر لگے70 سے زائد درخت جلائےگئے۔