13 مئی ، 2023
سندھ پولیس کے لیگل ڈپارٹمنٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کے خلاف سندھ کے تھانوں میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آف پولیس لیگل ٹو سندھ کے توسط سے ڈی ایس پی لیگل نے سندھ پولیس کی تمام رینج کو خط لکھ دیے ہیں۔
خط میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی کراچی ساؤتھ، ایسٹ اور ویسٹ کے علاوہ حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بے نظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ کے ڈی آئی جیز سے بھی درخواست کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر کے خلاف صوبے کے تمام تھانوں میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کریں، تاکہ یہ تفصیلات اسد عمر کی جانب سے دائر پٹیشن میں سندھ ہائی کورٹ میں پیش کی جا سکیں۔
واضح رہے کہ اسد عمر کی جانب سے فیڈریشن آف پاکستان اور دیگر کے خلاف سی پی نمبر ڈی 2226/2023 سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔