دنیا
Time 17 مئی ، 2023

فرانسیسی عدالت نے سابق صدر سرکوزی کی قیدکی سزا کیخلاف اپیل مستردکردی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پیرس: فرانس کی عدالت نے سابق صدر نکولس سرکوزی کی قیدکی سزا کے خلاف اپیل مسترد کردی۔

فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق  کرپشن اور 2007 کی صدارتی مہم کے دوران مالی بے قاعدگیوں کے الزام میں 2021 میں سابق صدر نکولس سرکوزی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

سابق صدر کی تین سال قید کی مدت میں سے دو سال کی سزا کو معطل کر دیا گیا تھا جب کہ باقی رہ جانے والی سزا انہیں گھر پر نظر بند رہ کر گزارنی تھی۔

 عدالتی احکامات کے مطابق سابق صدر کو نظربندی کے دوران برقی ٹیگ بھی پہننا تھا جس سے ملزمان پر نظر رکھی جاتی ہے۔

 نکولس سرکوزی نے سزا کے خلاف اپیل کی تھی تاہم عدالت نے ان کی سزا برقرار  رکھی ہے۔

2007 سے 2012 تک فرانس کے صدر  رہنے والے 68 سالہ نکولس سرکوزی کو اپنے دو ساتھیوں سمیت سزا ہوئی تھی۔

سرکوزی  پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی سیاسی جماعت پر چلنے والے ایک کرمنل کیس کی تحقیقات کی تفصیلات جاننے کے لیے مجسٹریٹ کو  اعلیٰ عہدے کی پیشکش کی تھی،  اس کے علاوہ ان پر صدارتی مہم کے دوران مالی بے قاعدگیوں کا بھی الزام تھا۔

مزید خبریں :