پاکستان
27 دسمبر ، 2012

کالعدم تحریک طالبان کی حکومت کو جنگ بندی، مفاہمت کی مشروط پیشکش

کالعدم تحریک طالبان کی حکومت کو جنگ بندی، مفاہمت کی مشروط پیشکش

اسلام آباد … کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حکومت کو جنگ بندی اور مفاہمت کی مشروط پیش کش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اگر اسلام کے مطابق خارجہ پالیسی بنائی جائے، افغان جنگ میں شراکت داری ختم کی جائے اور قرآن و سنت کے مطابق آئین کا اجراء ہوجائے تو مفاہمت ہوسکتی ہے۔ یہ پیشکش کالعدم تحریک طالبان پنجاب کے امیر عصمت اللہ معاویہ کی جانب سے جیو نیوز کے اینکر پرسن اور پروگرام جرگہ کے میزبان سلیم صا فی کو لکھے گئے ایک خط میں کی گئی ہے ، جس میں اے این پی کے خلاف طالبان کی کارروائیوں کے بارے میں لکھا گیا ہے کہ فوج جنگ کو کابل سے اسلام آباد کھینچ لائی اور اے این پی اس جنگ کو اسلام آباد سے باچا خان ہاوٴس لے آئی اور اب اے این پی گلے لگا ڈھول پیٹنے پر مجبور ہے جبکہ ایسا ہی کردار ایم کیوایم کا بھی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اے این پی اپنی پالیسی بدل دے تو عام معافی کے بارے میں سو چ سکتے ہیں، جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام کے خلاف حملے نہیں کررہے لیکن وہ اپنے بیانات کا جائزہ لیں۔ کالعدم تحریک طالبان کے امیر کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف سے کوئی جنگ نہیں۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ طالبان مکمل سیاسی سیٹ اپ کے خلاف نہیں ہیں۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے نامعلوم مقام سے ٹیلی فون پر مزید بتایا کہ عصمت اللہ معاویہ کے خط کو تحریک طالبان کا موٴقف سمجھا جائے۔

مزید خبریں :