25 مئی ، 2023
34 ویں نیشنل گیمز میں جوڈو کے مقابلوں میں خیبرپختونخوا کے صابر شاہ آفریدی نے آرمی کے شاہان علی کیخلاف فائنل باؤٹ دس سیکنڈز میں جیت کر نیشنل گیمز کی تاریخ میں کے پی کیلئے پہلا جوڈو گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔
کوئٹہ میں جاری 34 ویں نیشنل گیمز میں مینز جوڈو میں پاکستان آرمی کی برتری رہی ہے تاہم کے پی کے صابر شاہ آفریدی نے اس برتری کو کلین سوئپ میں تبدیل ہونے سے روک دیا۔
صابر نے پہلی باؤٹ میں واپڈا، دوسری میں بلوچستان اور تیسری میں پولیس کے جوڈوکا کو شکست دی جس کے بعد فائنل میں ان کا مقابلہ آرمی کے شاہان سے تھا۔
انہوں نے یہ باؤٹ دس سیکنڈز کے اندر جیت کر کے پی کیلئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
نیشنل گیمز کی تاریخ میں پہلی بار کے پی نے جوڈو میں گولڈ میڈل لیا۔ جوڈو کے دیگر مقابلوں میں آرمی نے مزید چار، واپڈا نے مزید تین گولڈ میڈلز حاصل کرلیے۔ مردوں کے -50 کلوگرام مقابلوں میں آرمی کے حمزہ عاشق نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
-73 کلوگرام کی کیٹیگری میں آرمی کے صداقت علی نے گولڈ، ایچ ای سی کے طاہر نے سلور میڈل جیتا، 81 کلوگرام کی کیٹیگری میں آرمی کے محمد آصف نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
اوپن کیٹیگری میں شاہ حسین شاہ نے پاکستان آرمی کیلئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
خواتین کی اوپن کیٹیگری میں واپڈا کی فوزیہ یاسر نے گولڈ میڈل جیتا۔ واپڈا کی مریم نے 57، حمیرہ نے 52 اور کوثر اقبال نے 40 کلوگرام کیٹیگری کے گولڈ میڈلز جیتے۔ جوڈو میں آرمی نے اب تک 9، واپڈا نے تین جبکہ ایچ ای سی اور کے پی نے ایک ایک گولڈ میڈل جیتا ہے۔