25 مئی ، 2023
کراچی کے قریب لانچ حادثے کے بعدگہرے سمندر میں ڈوب گئی، 18 ماہی گیروں کو بچالیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق لانچ پر سوار 18 ماہی گیر ایک ماہ قبل کراچی سے شکار کے لیے گئے تھے، ماہی گیر کام مکمل کرکے کراچی واپسی کے روٹ پر تھے، انہیں 27 مئی کو فشری پہنچنا تھا۔
سیکورٹی انچارج فشری ناصر بونیری کے مطابق بلوچستان کی سمندری حدود میں چرنا آئی لینڈ کے قریب لانچ کو حادثہ پیش آیا،گہرے سمندر میں تیز لہروں کی وجہ سے لانچ کا پٹا ٹوٹ ہوگیا اور لانچ دو ٹکڑے ہو کر گہرے سمندر میں ڈوب گئی اور ماہی گیر تختوں پر تیرتے رہے۔
ناصر بونیری کے مطابق گہرے سمندر میں مچھلیاں پکڑنے میں مصروف دوسری لانچ کے ماہی گیروں نے انہیں فوری امداد فراہم کی اور ماہی گیر اپنے ساتھیوں کی مدد سے جان بچانے میں کامیاب ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ لانچ کے مالک حاجی برادر خان نے سرکاری اداروں کو اطلاع دی مگر تاحال کسی قسم کی مدد نہیں فراہم کی گئی۔