09 جون ، 2023
پشاور: سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین سے ملاقات سے متعلق وضاحت کی ہے۔
میڈیا پر اس قسم کی خبریں زیر گردش ہیں کہ پرویز خٹک کے جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں اور جلد پرویز خٹک استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کو استحکام پاکستان پارٹی کا جنرل سیکرٹری بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تاہم جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ جہانگیر ترین سے میری کوئی ملاقات نہیں ہوئی، اس وقت میں سیاسی معاملات پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔
ان کا کہنا تھا جہانگیر ترین کی پارٹی میں نہ سیکرٹری جنرل کی آفر ہوئی ہے اور نہ ایسی کوئی آفر قبول کی ہے، میں اپنی جگہ پر ہوں اور صوبے میں اپنےساتھیوں سے رابطے میں ہوں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جہانگیر ترین نے استحکام پاکستان پارٹی کا باقاعدہ اعلان کیا تھا، علیم خان، فواد چوہدری، فردوس عاشق اعوان، مراد راس اور شعیب صدیقی سمیت پاکستان تحریک انصاف کے کئی سابق رہنما استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔