Time 14 جون ، 2023
پاکستان

بپر جوائے: کراچی میں تمام امتحانات اور تدریسی عمل آج معطل

انٹرمیڈیٹ بورڈ کے تحت آج اور کل ہونے والے پرچے بھی ملتوی رہیں گے جن کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا/ فائل فوٹو
انٹرمیڈیٹ بورڈ کے تحت آج اور کل ہونے والے پرچے بھی ملتوی رہیں گے جن کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا/ فائل فوٹو

کراچی میں طوفان بپر جوئےکے ممکنہ اثرات کے خطرات کے پیش نظر آج تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں۔

جامعہ اردو میں تمام کلاسیں، امتحانات اور تعلیمی سرگرمیاں آج معطل رہیں گی جب کہ  جامعہ کراچی میں بھی  آج تدریسی عمل اور امتحانات معطل کردیے گئے ہیں۔

دوسری جانب انٹرمیڈیٹ بورڈ کے تحت آج اور کل ہونے والے پرچے بھی ملتوی رہیں گے جن کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

بورڈ حکام کے مطابق میٹرک بورڈ کے تحت خصوصی امتحانات بھی معطل رہیں گے، اس کے علاوہ اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے گرمیوں کی چھٹیوں کے باعث بند ہیں۔

علاوہ ازیں سمندر کے کنارے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ ہے اور شہریوں کو ساحل پر جانے سے روکنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

بپر جوائے کے کراچی پر کیا اثرات ہوں گے؟

کراچی میں سمندری طوفان بپر جوائےکے اثرات کے باعث ہاکس بے پر سمندر میں طغیانی بڑھ گئی ہے، ہاکس بے کے ساحل پر اونچی لہریں ہیں جب کہ سینڈزپٹ کے مقام پر بھی تیز اونچی لہروں کے باعث روڈ پرپانی آرہا ہے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں سمندر کے قریبی گوٹھ اور کریک میں بلند لہروں کے باعث پانی آسکتا ہے، ڈی ایچ اے اور دیگر ساحلی علاقوں کو بلند لہروں سے خطرہ نہیں۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ سندھ کی ساحلی پٹی پر تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان رہے گا، طوفان زمین پر آنے کے بعد آہستہ آہستہ کمزور ہوتا ہے، طوفان راجستھان کی جانب بڑھے گا اور ایک 2 دن بارش برسانے کے بعد ختم ہوجائے گا۔

علاوہ ازیں موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا کہ طوفان کے بعد کراچی میں جون کا معمول کا موسم رہے گا، شہر میں سمندری ہوائیں بھی بحال ہوجائیں گی جب کہ درجہ حرارت 35 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔ 

مزید خبریں :