14 جون ، 2023
قومی کرکٹرامام الحق کا کہنا ہے کہ وہ اپنا سوئپ شاٹ بہتر بنانا چاہتے ہیں جس کے لیے بھرپور پریکٹس کررہے ہیں۔
قومی کرکٹرز کا ٹریننگ کیمپ ان دنوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری ہے ۔
اس موقع پر جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے امام الحق نے کہا کہ میں گرم موسم سے نہیں گھبراتا کیونکہ پاکستان میں تو آٹھ ماہ گرمی پڑتی ہے ، ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ برس ان ہی دنوں ہم نے ملتان کی گرمی میں سیریز کھیلی ، اس کیمپ میں سری لنکا کی کنڈیشنز کے مطابق فٹنس بہتر بنانے کا موقع مل رہا ہے۔
بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹر نے کہا کہ میں بس اس موسم میں رنگ بچانے کے لیے سن بلاک کا استعمال کر رہا ہوں ، اور اس گرمی سے بچنے کے لیے جوں ہی موقع ملتا ہے ٹھنڈے پانی سے نہاتا ہوں، جہاں تک خوراک کا خیال رکھنے کا تعلق ہے تو پروفیشنل کرکٹرکو گرمی میں کیا ، ہر روز خوارک کاخیال رکھنا پڑتا ہے کیونکہ کھیل میں 60 فیصد عمل دخل خوراک کا ہوتا ہے۔
پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم میں کھیلنے والے بیٹر امام الحق کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ یا ون ڈے نہ بھی ہو رہے ہوں ، میری روٹین میں فرق نہیں آتا ، میں پریکٹس جاری رکھتا ہوں ، ڈومیسٹک کرکٹ ہو رہی ہو تو وہ کھیلتا ہوں، میرے لیے کوئی آف سیزن نہیں ہے۔
اگر ٹریننگ چھوڑ دوں یا الٹا سیدھا کھا لوں تو میرا وزن فوری بڑھ جاتا ہے: امام
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ میری جم ٹریننگ سال بھر جاری رہتی ہے، میں جم ٹریننگ نہیں چھوڑ سکتا کیونکہ اگر میں ٹریننگ چھوڑ دوں یا الٹا سیدھا کھا لوں تو میرا وزن فوری طوپر بڑھ جاتا ہے۔
امام الحق کے مطابق کیمپ میں سری لنکا کی ٹرننگ وکٹوں کے مطابق کھیل رہے ہیں ، مجھے اپنی سوئپ شاٹ کو بہتر کرنا ہے ، اس کے لیے بھر پور پریکٹس کر رہا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں قومی بیٹر نے کہا کہ میرا فوکس آج کل کے ٹریننگ کیمپ پرہے، آگے کا نہیں سوچتا، سری لنکا سیریز آئے گی تواس کو سوچوں گا اور جب ایشیا کپ اور ورلڈ کپ آئے گا تو دیکھوں گا ، اس سے دباؤ نہیں پڑتا، اگر میں نومبر کا سوچوں گا تو یہ دماغ کے ساتھ کھیلنے والی بات ہو گی۔