31 دسمبر ، 2012
لندن …ایم کیوایم کی جانب سے تحریک منہاج القرآن کے عوامی مارچ میں شرکت کے فیصلے کااعلان ہوتے ہی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے اتوارکی شب ایم کیویم کے قائد الطا ف حسین کوفون کرکے ایم کیوایم کی قیادت کے فیصلے پرشکریہ اداکیا۔ انہوں نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہاکہ وہ رابطہ کمیٹی کے متفقہ فیصلے اورقائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے توثیق پر انتہائی شکرگزارہیں اوروہ اظہارتشکر کیلئے جلدہی ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروکادورہ کریں گے۔الطاف حسین نے ملک میں تبدیلی کیلئے ڈاکٹرطاہرالقادری کواپنے بھرپورحمایت اورتعاون کا یقین دلایااورانہیں ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروآمدکیلئے خوش آمدیدکہا۔ الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردعوام سے کہاکہ وہ نائن زیروپر ڈاکٹرطاہرالقادری کے شانداراستقبال کیلئے تیاری کریں۔ دریں اثناء الطاف حسین نے کہاہے کہ میری جدوجہدپاکستان کوقائداعظم کے خوابوں کے مطابق ایساملک بناناہے جہاں کسی بھی مذہب،فقہ یا مسلک کے ماننے والے شہریوں کوان کے مذہب ،فقہ یامسلک سے تعلق کی بنیادپر قتل نہ کیاجائے اور تمام شہریوں کو جان ومال ،عزت وآبرو کا تحفظ اوریکساں حقوق حاصل ہوں۔انہوں نے یہ بات ممتازمذہبی اسکالرخانم سیدہ طیبہ بخاری سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔انھوں نے کہاکہ میری جدوجہدکسی ایک طبقہ کیلئے نہیں بلکہ سب کیلئے ہے، جب بھی کہیں کسی شیعہ یاسنی کواس کے مسلک کی بنیادپر بلاجوازقتل کیاجاتاہے تومیرادل خون کے آنسو روتاہے،خانم سیدہ طیبہ بخاری نے الطا ف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ تمام شیعہ کمیونٹی اس حقیقت کوتسلیم کرتی ہے کہ جب بھی شیعوں یاکسی بھی مظلوم کمیونٹی پرظلم ہوایا کہیں بھی دہشت گردی کاکوئی واقعہ ہواتوآپ نے سب سے پہلے اس پر آوازاحتجاج بلندکی۔آپ نے جتنی جراتمندی کامظاہرہ کیااتناکسی اورلیڈرنے نہیں کیا، یہ حقیقت ہے کہ الطاف بھائی کی آواز صرف مہاجروں یاکسی مخصوص طبقہ یا فرقہ کیلئے محدود نہیں بلکہ وہ سندھ کے عوام کے سیاسی ومذہبی افراد اورمہاجروانصار سب کے حقوق کی ترجمان اورپورے پاکستان کے مفادات کی نگہبان آواز ہے اوریہ آوازسب کیلئے بلاتخصیص بلندہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ الطاف بھائی صرف مہاجروں کے طاقتورترین لیڈرہی نہیں بلکہ ملک کے استحصال زدہ ظلم کی چکی میں پسے ہوئے مجبورومحروم،بے کس وبے بس عوام کے حق میں اٹھنے والی ایک تواناآوازہیں جس کی شدت ،طاقت اورتاثیرسے اپنے پرائے سبھی معترف ہیں۔خانم سیدہ طیبہ بخاری نے الطاف حسین سے کہاکہ پاکستان کوآپ کی بہت ضرورت ہے تاکہ آپ کی رہنمائی میں پاکستان ایک مضبوط ومستحکم ملک بن سکے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے سربراہ شیخ الاسلام طاہر القادری کی جانب سے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی سربراہی نائن زیرو بھیجے گئے نمائندہ وفد نے نائن زیرو کے مختلف ونگز اور شعبہ جات کا دورہ کیا ۔